کوئٹہ (این این آئی)مسلم لیگ (ن)کے صوبائی رہنما سید جہانگیر شاہ نے کہا ہے کہ گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کی قیادت میں مسلم لیگ (ن)بلوچستان فعال اور منظم ہے۔ جعفر خان مندوخیل نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور وہ سب کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو مسلم لیگ (ن)کے رہنماؤں نور احمد محمد حسنی، محمد رفیق جتک، منور شاہوانی، عبدالمالک سمالانی، خضر بلوچ، عبداللطیف کاکڑ، محمد نعیم درانی، ظفر شاہوانی، خالد ابڑو، ظفراللہ محمد حسنی، حمزہ مینگل، آصف رند، ظفر قلندرانی، جاوید مندوخیل اور دیگر کارکنوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سید جہانگیر شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر اور گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کی دن رات کوششوں کی بدولت صوبے میں پارٹی فعال اور منظم ہے۔ ان کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس وقت بلوچستان میں مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کی مخلوط صوبائی حکومت قائم ہے، جو عوام کی بلاامتیاز خدمت کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شیخ جعفر خان مندوخیل عوام اور مسلم لیگ (ن)کے کارکنوں کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ گورنر بلوچستان کی ذاتی کوششوں سے غیر ملکی سرمایہ کار صوبے کا رخ کر رہے ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاری سے بلوچستان میں ترقی کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ شیخ جعفر خان مندوخیل نے مشکل وقت میں مسلم لیگ (ن)بلوچستان کو سنبھالا اور پارٹی کو فعال بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے گورنر بلوچستان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

