کوئٹہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما و فوکل پرسن پرائم منسٹر یوتھ پروگرام چوہدری نعیم کریم نے آج پاکستان کو جن چیلنجز کا سامنا ہے ان سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق کو برقرار رکھیں اور بائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے زریں اصولوں کو اپنانصب العین سمجھتے ہوئے ان پرعمل پیرا ہوں۔مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر اپنے ایک پیغام میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند کی تاریخ میں اس دن بہت اہمیت ہے آج ایک ایسے وڑنری رہنما کی پیدائش کا دن ہے جس نے اپنی غیرمعمولی دانشمندی، قیادت اور دور اندیشی کے ذریعے مسلمانوں کو غلامی سے نجات دلائی اور ایک آزاد اور خودمختار پاکستان کی راہ ہموار کی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت متعدد بیرونی اور اندرونی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم قائداعظم کے بتائے ہوئے تنظیم، اتحاد اور ڈسپلن کے اصولوں کو اپنا کر ہم ان درپیش مشکلات کو دور کر کے اپنے ملک و صوبے کو حقیقی ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ہمیں نہ صرف ان کے اصولوں پر کاربند رہنا چاہیے بلکہ اپنے ملک و قوم کی بہتری کیلئے مخلصانہ اور ٹھوس کوششیں کرنی چاہیے اسطرح ہم ایک کامیاب فلاحی ریاست کے قیام کی راہ ہموار کر سکتے ہیں جو ایک خوشحال اور ہم آہنگ پاکستان کیلئے اپنے اسلاف کے وژن کے مطابق ہوگی۔چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں نے وطن کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں شروع کررکھ ہیں تاہم پوری قوم اتحاد و اتفاق کے ذریعے ان سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آباو اجداد نے بیش بہا قربانیوں کے بعد یہ ملک حاصل کیا اوربلوچستان سمیت ملک بھر کے عوام ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم سیاسی اور گروہی اختلافات کو پس پشت ڈال کرملک کے استحکام اور قومی اتحاد کے فروغ کیلئے اپنا بھر پور کردارادا کریں گے اور قائداعظم کے تصور کے مطابق ایک مستحکم جمہوری اور خوشحال پاکستان کی منزل حاصل کرکے رہیں گے۔

