ڈیرہ بگٹی: یومِ قائد کے موقع پر شاندار تقریبات، شہریوں کی بھرپور شرکت

ڈیرہ بگٹی (رپورٹر)قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر ڈیرہ بگٹی میں بمبور رائفلز کی جانب سے شایانِ شان تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں شہریوں، قبائلی عمائدین، طلبا و نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے بابائے قوم سے عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔
یومِ قائد کے سلسلے میں منعقدہ سرگرمیوں کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو قائدِ اعظم کے افکار و نظریات سے روشناس کرانا اور انہیں مثبت معاشرتی و تعلیمی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا تھا۔ اسی سلسلے میں ایف سی پبلک اسکول اینڈ کالج ڈیرہ بگٹی میں شان دار اسپورٹس فیسٹیول کا اہتمام کیا گیا، جہاں طلبا و طالبات نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا۔ اسپورٹس فیسٹیول کے دوران طلبا کے جوش و خروش اور شاندار کارکردگی کو شرکا نے بھرپور سراہا، جبکہ اس موقع پر مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ بمبور رائفلز کرنل خرم جاوید تھے جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
اسی طرح جناح اسٹیڈیم ڈیرہ بگٹی میں ایف سی 66 ونگ کے زیرِ اہتمام دوستانہ کرکٹ میچ کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں شہری، نوجوان اور قبائلی عمائدین شریک ہوئے۔ شرکا نے میچ کے دوران بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی ایف سی کے ونگ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل کامران حفیظ تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور قائدِ اعظم کے نقشِ قدم پر چل کر ہی ملک کی ترقی و خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ اختتام پر مہمانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔
شرکا نے یومِ قائد کی ان سرگرمیوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مثبت اور صحت مند پروگرام نہ صرف ڈیرہ بگٹی کے نوجوانوں میں تعلیمی و کھیلوں کا شعور بیدار کرتے ہیں بلکہ معاشرتی ہم آہنگی اور یکجہتی کو بھی فروغ دیتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں