کوئٹہ بلدیاتی انتخابات کا التوا صوبائی حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے، انجنیئر حمید بلوچ

تربت (رپورٹر) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما انجنیئر حمید بلوچ نے بلوچستان کی صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کو بار بار ملتوی کرنا صوبائی حکومت کی نااہلی اور غیر سنجیدگی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی بنیاد ہوتے ہیں، مگر حکومت دانستہ طور پر عوام کو ان کے آئینی اور جمہوری حق سے محروم کر رہی ہے۔
انجنیئر حمید بلوچ کا کہنا تھا کہ کوئٹہ سمیت پورے صوبے میں بلدیاتی اداروں کی عدم موجودگی کے باعث شہری مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ صفائی، پانی، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کے مسائل سنگین صورت اختیار کر چکے ہیں، لیکن عوامی نمائندوں کے بغیر کوئی مؤثر حل ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات چند افراد تک محدود رکھنے کی پالیسی نے مقامی حکومتوں کے نظام کو مفلوج کر دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت انتخابات کے التوا کے لیے مختلف بہانے تراش رہی ہے، جو جمہوری اقدار کے منافی ہیں۔ نیشنل پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات فوری طور پر کرائے جائیں تاکہ عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا حق مل سکے اور مقامی سطح پر جوابدہی کا نظام بحال ہو۔
آخر میں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اس روش کو ترک نہ کیا تو عوامی بے چینی میں مزید اضافہ ہوگا، جس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں