کوئٹہ(این این آئی)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کے آفیسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سمیت کوئٹہ کی چاروں سب ڈویژ کے اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں پرائس کنٹرول کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا بالخصوص چینی اور آٹے کی قیمتوں پر خصوصی غور کیا گیا۔ اجلاس کو گزشتہ ماہ کے دوران پرائس کنٹرول کے تحت کی گئی کارروائیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی اور قیمتوں کی مؤثر نگرانی کے لیے اہم فیصلے کیے گئے اجلاس میں فنکشنل اور نان فنکشنل اسکولوں سے متعلق تمام انتظامی آفیسران کی رپورٹس مرتب کی گئیں جبکہ کوئٹہ میں جاری ترقیاتی اسکیمات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر پرائس کنٹرول کی کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

