تربت(رپورٹر) نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بی آر سی کالج تربت کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران کالج کے پرنسپل ولی محمد لہڑی نے انہیں ادارے کو درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کالج کے تعلیمی ماحول، سہولیات اور ضروریات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بہتری نیشنل پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ نہ صرف متعلقہ فورمز پر ان مسائل کو اجاگر کریں گے بلکہ ذاتی فنڈز سے بھی ان کے حل کی بھرپور کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بی آر سی جیسے ادارے نوجوانوں کو تعلیمی ترقی کی جانب لے جانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ان کی معاونت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
دورے کے موقع پر نیشنل پارٹی کے صوبائی میڈیا سیکریٹری حفیظ علی بخش، ضلعی نائب صدر حاجی شوکت دشتی، محراب مالک اور سیف اللہ بھی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے ہمراہ تھے۔

