لورالائی(میاں محمد عامر بشیر آرائیں) معروف قبائلی و سیاسی رہنما پاکستان پیپلز پارٹی لورالائی کے سٹی صدر ولی خان کاکڑ، ضلعی جنرل سیکرٹری سردار شیر دل خان جوگیزئی اورنوازمہترزئی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ایک تاریخ ساز شخصیت کی مالک تھیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی جمہوریت، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیرِاعظم تھیں، جنہوں نے ایک مردانہ معاشرے میں قیادت کر کے تاریخ رقم کی۔ولی خان کاکڑ نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے آمریت کے تاریک ادوار میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں مگر اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے ہر دور میں عوامی طاقت پر یقین رکھا اور جمہوری جدوجہد کو اپنی سیاست کا محور بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے خواتین کو بااختیار بنانے، غریب عوام کی آواز بننے اور نوجوانوں کو سیاست میں آگے لانے کے لیے عملی اقدامات کیے۔انہوں نے مزید کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت ملک کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے، تاہم ان کی جدوجہد، قربانی اور افکار آج بھی پیپلز پارٹی کے کارکنان اور جمہوریت پسند حلقوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ولی خان کاکڑ نے کہا کہ قوم کو چاہیے کہ شہید بے نظیر بھٹو کے نظریات پر عمل کرتے ہوئے ملک میں برداشت، رواداری اور جمہوری اقدار کو فروغ دے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کا نام ہمیشہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا اور آنے والی نسلیں ان کی قربانیوں کو یاد رکھیں گی۔ آخر میں قرآن خوانی کی گئی اور لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔

