کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے شہید بینظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 27 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا ایک المناک اور ناقابلِ فراموش دن ہے، جس نے پوری قوم کو غم میں مبتلا کر دیا انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت نے ملکی سیاست پر گہرے اور دیرپا اثرات مرتب کیے، تاہم ان کی جمہوریت کے لیے دی گئی قربانیاں تاریخ کا ایک روشن باب ہیں۔ نواب ثناء اللہ خان زہری کے مطابق شہید محترمہ نے عوامی حقوق کے تحفظ اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے تاریخ ساز جدوجہد کی سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید عوامی خدمت اور جمہوری سوچ کی روشن علامت تھیں اور ان کی سیاست عوامی فلاح کا عملی نمونہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ نے خواتین کے سیاسی کردار کو مضبوط بنیاد فراہم کی اور ملک میں جمہوری عمل کو استحکام بخشا نواب ثناء اللہ خان زہری نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی استحکام اور قومی یکجہتی ہی پاکستان کے مضبوط مستقبل کی ضمانت ہیں، جبکہ 27 دسمبر جیسے واقعات سے سبق سیکھنا ایک ذمہ دار قوم کی پہچان ہے انہوں نے کہا کہ قوم آج بھی بینظیر بھٹو شہید کی قربانیوں کو عقیدت اور احترام سے یاد کرتی ہے اور ان کا نام ہمیشہ جرات، عزم اور عوامی خدمت کی علامت کے طور پر زندہ رہے گا۔

