اسسٹنٹ کمشنر میر بھادر خان کھوسہ کی نگرانی میں منجھو شوری میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا

ڈیرہ مراد جمالی (این این آئی) اسسٹنٹ کمشنر میر بھادر خان کھوسہ کی نگرانی میں منجھو شوری میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کے مسائل تفصیل سے سنے گئے۔ کھلی کچہری میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران، عوام، میڈیا نمائندگان اور دیگر معززین نے شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی جانب سے زمینوں کے مسائل، پانی کی قلت، بجلی کی لوڈشیڈنگ، تجاوزات، صحت و صفائی سمیت مختلف نوعیت کی شکایات پیش کی گئیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو موقع پر ہی مسائل کے حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں، جبکہ بعض مسائل پر فوری اقدامات بھی کیے گئے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر میر بھادر خان کھوسہ نے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کھلی کچہری کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف اور ریلیف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی محکمے کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام افسران اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ زمینوں کے تنازعات، تجاوزات اور بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ کھلی کچہری کے انعقاد اور فوری اقدامات پر شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر کے اقدامات کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں