کوئٹہ(این این آئی)محکمہ مواصلات و تعمیرات بلوچستان نے صوبائی اسمبلی کے اسٹینڈنگ کمیٹیز کے دفاتر، نئے آڈیٹوریم ہال اور کانفرنس رومز کا منصوبہ اعلیٰ تعمیراتی معیار اور قلیل ترین مدت میں مکمل کرکے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ اس کامیاب منصوبے نے نہ صرف ادارے کی فنی مہارت کو اجاگر کیا بلکہ بلوچستان اسمبلی میں ترقی اور جدید سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم بھی ثابت ہوا اسمبلی کے احاطے میں اسٹینڈنگ کمیٹیز کے دفاتر، آڈیٹوریم اور کانفرنس ہال کی جدید خطوط پر تعمیر، پارلیمانی امور کے مؤثر اور باوقار انعقاد کے لیے ایک نیا باب ہے، جو آئندہ قانون سازی کے عمل کو مزید بہتر اور مربوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر محکمہ مواصلات و تعمیرات کے سیکرٹری لعل جان جعفر اور ان کی پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے انہوں نے کہا کہ مقررہ وقت میں اعلیٰ معیار پر مبنی کام قابل تحسین ہے اور یہ ٹیم ورک اور دیانتداری کا عکاس ہے۔
