تربت(رپورٹر) نیشنل پارٹی کے سربراہ و سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے گورنمنٹ بوائز ماڈل اسکول اور گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول کولوائی بازار آپسر کا دورہ کیا۔ دونوں اسکولوں کے طلباء اور طالبات نے ڈاکٹر مالک بلوچ اور انکے ساتھیوں کا شاندار استقبال کیا۔
دورے کے دوران دونوں اسکولوں کے پرنسپل صاحبان نے اسکولوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مسائل کو سننے کے بعد ان کے حل کے لئے بھرپور کوشش کی یقین دہانی کی۔
اس موقع پر اسکول کے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ تعلیم ہی قوموں کی ترقی کا راستہ ہے۔ نوجوان نسل مسلسل 15 سال تک تعلیم کا سلسلہ جاری رکھے تاکہ وہ مستقبل میں ڈاکٹر، وکیل، استاد اور دیگر باوقار پیشوں میں نمایاں مقام حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں جن قوموں نے تعلیم پر توجہ دی ھے وہ ترقی یافتہ معاشرہ بن چکے ھیں۔ موجودہ دور میں تعلیم یافتہ ھنر مند افراد کی ضرورت ہر جگہ ھے۔ تعلیم سے نہ صرف اپنے خاندان کہ قوم کی بہتر خدمت کی جا سکتی ھے۔ بطور نمائندہ ہر دور میں تعلیم اولین ترجیح تھی۔ پرائمری اسکولوں سے لیکر اعلی تعلیمی ادارے نیشنل پارٹی نے بنائے کیونکہ نیشنل پارٹی یہ سمجھتی ھے کہ مضبوط تعلیمی اداروں سے مضبوط اور طاقت ور قوم بنتی ھے۔
دورے کے موقع پر نیشنل پارٹی کے صوبائی میڈیا سیکرٹری حفیظ علی بخش، ضلعی رابطہ سیکریٹری محمد حیات بلوچ، محراب مالک، انور بلوچ اورجنرل کونسلر لعل بخش بلوچ سیف اللہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

