گرلز انٹر کالج تسپ میں گولڈن ویک کی اختتامی تقریب — ایم این اے میر پھلین بلوچ کا دورہ، مسائل کے حل کی یقین دہانی

پنجگور (رپورٹر) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی میر پھلین بلوچ نے اپنے آبائی علاقے تسپ میں گورنمنٹ گرلز انٹر کالج تسپ کا دورہ کیا اور گولڈن ویک کی اختتامی تقریب و تقریبِ تقسیم انعامات میں خصوصی شرکت کی۔ دورے کے دوران انہوں نے کالج کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا اور انتظامیہ کو بنیادی مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

تفصیلات کے مطابق گرلز انٹر کالج تسپ پہنچنے پر ایم این اے میر پھلین بلوچ کا پرنسپل پروفیسر مشتاق احمد گچکی نے پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر انہیں کالج کے مختلف شعبوں بشمول لائبریری، سائنس لیب، پرنسپل آفس، اسٹاف روم اور دیگر اہم شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران کالج کو درپیش اہم مسائل خصوصاً ٹرانسپورٹ، بس کی عدم دستیابی، سائنس لیب کیلئے آلات کی کمی، اور فنڈز کی عدم فراہمی کی نشاندہی کی گئی۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی تسپ میر عبدالرحمن ملازئی بھی دورے کے دوران ان کے ہمراہ تھے۔

تقریبِ تقسیم انعامات میں طالبات نے حمد، نعت اور مختلف موضوعات پر تقاریر پیش کرکے حاضرین سے داد وصول کی۔ لیکچررز نے طالبات کو کیریئر کونسلنگ فراہم کی اور مستقبل کے تعلیمی و پیشہ ورانہ چیلنجز کے حوالے سے رہنمائی کی۔ طالبات نے موجودہ دور میں تعلیم کی اہمیت اور جدید تقاضوں پر روشنی ڈالی۔

پرنسپل پروفیسر مشتاق احمد گچکی نے ایم این اے میر پھلین بلوچ کو بتایا کہ کالج میں ٹرانسپورٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے دور دراز کی بچیوں کیلئے حاضری مشکل ہوچکی ہے، جس کے باعث داخلوں میں بھی کمی دیکھنے میں آتی ہے۔ انہوں نے سائنس لیب میں ضروری آلات، لائبریری میں کتابوں کی فراہمی اور فنڈز کے فقدان کو اہم ترین مسائل قرار دیا۔

مہمانِ خصوصی ایم این اے میر پھلین بلوچ نے طالبات سے خطاب میں کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں اپنی بچیوں کی کارکردگی اور علمی ماحول دیکھ کر بے حد خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کالج کے بنیادی مسائل اور بجٹ کے معاملات کو محکمہ کالجز کے ساتھ مل کر ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مکران ڈویژن کے بیشتر کالجز میں ٹرانسپورٹ کی کمی ایک سنگین مسئلہ ہے، اور وہ گرلز انٹر کالج تسپ کیلئے پیک اینڈ ڈراپ کی سہولت کے طور پر بس فراہم کرنے کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔

تقریب کے اختتام پر ایم این اے میر پھلین بلوچ نے گولڈن ویک میں شاندار کارکردگی دکھانے والی طالبات میں شیلڈز اور نمایاں خدمات انجام دینے والے اساتذہ میں انعامات تقسیم کیے۔ پرنسپل پروفیسر مشتاق احمد گچکی نے مہمانِ خصوصی کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ کالج کے مسائل جلد حل کروائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں