کوئٹہ (رپورٹر) انقلابی کمیونسٹ پارٹی کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیاں، اور بالخصوص گزشتہ کچھ عرصے کے دوران بلوچ خواتین اور لڑکیوں کی جبری گمشدگیاں، ایک نہایت قابلِ مذمت، غیر انسانی اور غیر قانونی عمل ہیں۔ انقلابی کمیونسٹ پارٹی ان تمام جبری طور پر لاپتہ کی گئی خواتین اور لڑکیوں کی فی الفور بازیابی اور رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔ اگر ان میں سے کسی پر کسی بھی نوعیت کا کوئی الزام موجود ہے تو اسے آئین و قانون کے مطابق، شفاف عدالتی طریقۂ کار کے ذریعے ثابت کیا جائے۔ بغیر مقدمہ، بغیر سماعت اور بغیر عدالتی فیصلے کے کسی بھی فرد اور اس کے خاندان کو اجتماعی سزا دینا بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انقلابی کمیونسٹ پارٹی واضح کرتی ہے کہ مئی 2025 سے اب تک متعدد بلوچ لڑکیوں کا لاپتہ ہونا اس امر کا ثبوت ہے کہ جبری گمشدگی کو ایک منظم ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا اور بلوچ معاشرے کو اجتماعی طور پر دباؤ میں رکھنا ہے۔ خواتین کو نشانہ بنانا اس جبر کی سب سے سفاک شکل ہے، کیونکہ اس کے اثرات صرف متاثرہ خاندانوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ پورے سماج کے شعور، نفسیات اور مستقبل کو گہرے طور پر متاثر کرتے ہیں۔
پارٹی اس مؤقف کو دوٹوک انداز میں دہراتی ہے کہ اگر ان خواتین یا لڑکیوں پر کسی بھی قسم کا کوئی الزام ہے تو ریاستی اداروں کے پاس آئینی اور قانونی راستہ موجود ہے۔ کسی بھی الزام یا جرم کی تفتیش انتہائی مختصر مدت میں مکمل کی جا سکتی ہے، اور اگر کوئی مقدمہ بنتا ہے تو اسے عدالت کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے۔ اغوا، مخفی حراست اور جبری گمشدگی نہ صرف بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہے بلکہ خود ریاستی قوانین اور عدالتی نظام کی صریح توہین بھی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی قیادت کے خلاف جاری ریاستی رویے کو غیر ذمہ دارانہ، جابرانہ اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جبری گمشدگیوں کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو دبانے کی کوششیں مسئلے کو حل کرنے کے بجائے مزید سنگین بنا رہی ہیں۔ انقلابی کمیونسٹ پارٹی بلوچ یکجہتی کمیٹی کی قیادت کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتی ہے اور اس بات پر زور دیتی ہے کہ اختلافِ رائے اور پرامن سیاسی جدوجہد کو جرم بنا دینا کسی بھی مہذب سماج میں قابلِ قبول نہیں۔
پارٹی محنت کش عوام، طلبہ، نوجوانوں، انسانی حقوق اور سیاسی کارکنوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس مسئلے کو محض ایک علاقائی یا قومی مسئلہ سمجھ کر نظرانداز نہ کریں بلکہ اسے انسانی وقار، انصاف اور جبر کے خلاف اجتماعی جدوجہد کے بنیادی سوال کے طور پر دیکھیں۔ جبری گمشدگیوں کے خلاف مؤثر، منظم اور مسلسل آواز ہی اس جبر کو روکنے کی واحد عملی صورت ہے۔
انقلابی کمیونسٹ پارٹی بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سوشل میڈیا اور عوامی مہمات میں فعال شرکت کی حمایت کرتی ہے اور اس امر پر زور دیتی ہے کہ عوامی دباؤ، سیاسی یکجہتی اور مسلسل آگاہی کے بغیر اس جابرانہ پالیسی کا خاتمہ ممکن نہیں۔

