محکمہ مواصلات کے ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے تمام وسائل،صلاحیتیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں،چیف انجینئر بشیر ناصر

نصیرآباد(این این آئی)چیف انجینئر مواصلات و تعمیرات نصیرآباد زون بشیر ناصر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن چیف سیکرٹری بلوچستان صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم خان کھوسہ اور صوبائی سیکرٹری C&W بابر خان کاکڑ کے احکامات کی روشنی میں نصیرآباد زون میں محکمہ مواصلات و تعمیرات حکومت بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام وسائل اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔محکمے کے مورال کو بلند رکھنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تمام انجینئرز اپنی نگرانی میں سرکاری امور کو پی سی ون کے مطابق معیاری اور پختہ تعمیری عمل کے تحت مکمل کر رہے ہیں جو خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا اور سرپرائز وزٹس کا مقصد جاری ترقیاتی منصوبوں کو مزید پائیدار، شفاف اور معیاری بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نصیرآباد زون میں جاری ترقیاتی عمل کے جائزے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دورے کے دوران چیف انجینئر نے ضلع صحبت پور، ضلع استامحمد اور ضلع کچھی سمیت زون بھر میں روڈز اور بلڈنگز سیکٹر کے تحت جاری زیر تعمیر منصوبوں کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور متعلقہ سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ایگزیکٹو انجینئرز سے تفصیلی بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے محکمانہ معیار، پی سی ون اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات اور معیاری تعمیراتی ڈھانچہ فراہم کیا جا سکے۔اس موقع پر سپرنٹنڈنگ انجینئر فدا حسین کھوسہ، سپرنٹنڈنگ انجینئر ارسلا رند، پروجیکٹ ڈائریکٹر ظفر کھوسہ، ایگزیکٹو انجینئرز عرفان علی راجپوت، جہانگیر کھوسہ، عبدالستار بنگلزئی، محمد یاسین، ارشاد احمد سلاچی سمیت دیگر سب ڈویژنل افسران نے اپنے اپنے اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ چیف انجینئر بشیرناصر نے مزید کہا کہ مواصلات و تعمیرات کے وڑن کے مطابق شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ نصیرآباد زون میں ترقیاتی عمل مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکے۔انہوں نے احکامات دیے کہ تمام انجینئرز اپنی موجودگی میں ترقیاتی عمل کو جاری رکھیں گے اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی معیاری کام نہ صرف عوام کے مفاد میں ہے بلکہ اس سے ہمارے محکمے کا مورال بھی جڑا ہوا ہے جس پر کسی قسم کا کمپرومائز نہیں کیا جائے گا بہتر معنوں میں عین شفافیت کے مطابق ترقیاتی عمل کو پایا تکمیل تک پہنچانا ہم سب کی اولین ذمہ داریوں کا حصہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں