گوادر(این این آئی)حالیہ دہشتگردانہ کارروائیوں کے خلاف پسنی میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے پسنی پریس کلب کے سامنے احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی میں سول سوسائٹی، اساتذہ، اسکولوں کے طلباء و طالبات اور اسپورٹس سے وابستہ افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اْٹھا رکھے تھے جن پر دہشتگردانہ کارروائیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے پرامن انداز میں اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے علاقے میں امن و امان کے قیام پر زور دیا۔احتجاجی ریلی پسنی پریس کلب سے شروع ہوئی اور خاموشی کے ساتھ مین روڈ پر گشت کرتی ہوئی دوبارہ پریس کلب کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر پبلک ویلفیئر ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے صوبائی صدر پرویز سفر، لالا سیلانی اور سول سوسائٹی کے رہنما دانیال الطاف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریلی کا مقصد علاقے میں پائیدار امن کا قیام اور ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردانہ کارروائیاں علاقے کی ترقی اور خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، جو کسی بھی صورت قابلِ قبول نہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پسنی کے عوام امن پسند ہیں اور وہ اپنے شہر کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ ریلی کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ علاقے میں امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔

