صحبت پور (رپورٹر) ضلع صحبت پور میں بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کی جانب سے مرکزی کال پر دورہ کمیٹی تشکیل دی گئی، جس کے تحت مرکزی پروفیشنل سیکرٹری محمد رمضان خان بلوچ، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران واجہ یعقوب بلوچ، میر عبدالغفور مینگل اور اسد جان بلوچ نے ضلع صحبت پور کا دورہ کیا۔ صحبت پور پہنچنے پر مرکزی کسان سیکرٹری میر نذیر احمد کھوسہ اور پارٹی کے کارکنان نے والہانہ استقبال کیا اس میں سابق ڈی ای او صحبت پور غلام حسین خان کھوسہ ڈپٹی ڈائریکٹر سرفراز احمد کھوسہ وپارٹی کے کارکنان بھی موجود تھےں
دورے کے دوران مرکزی وفد نے بی این پی کی ضلعی تنظیم، پارٹی فعالیت اور تنظیمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ مرکزی اعلانیہ کے مطابق سابقہ عہدیداران و ممبران کی رکنیت معطلی کے بعد نئی ضلعی آرگنائزر کمیٹی تشکیل دینے اور ضلعی معاملات کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
مرکزی قائدین کی موجودگی میں نئی ضلعی آرگنائزر کمیٹی کا اعلان کیا گیا، جس میں عبدالشکور سمالانی کو ضلعی آرگنائزر، صفدر علی خان کھوسہ کو ڈپٹی آرگنائزر جبکہ بلند خان بلیدی، رفیق احمد کنڈرانی، محمد صلاح کھوسہ، میر محمد کھوسہ و دیگر کو ممبران نامزد کیا گیا۔ پارٹی کے معاملات بھی پرانے پیش کیئے گئے اس موقع پر مرکزی کسان سیکرٹری میر نذیر احمد خان کھوسہ بھی موجود تھے۔
مرکزی قیادت نے واضح کیا کہ نئی ضلعی کمیٹی دو ماہ کے اندر اپنی تنظیمی کارکردگی اور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی، پارٹی منشور کو گھر گھر پہنچایا جائے گا اور بلوچستان نیشنل پارٹی کی مقبولیت و عوامی آگاہی میں مزید تیزی لائی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی ملک بھر میں عوامی پذیرائی رکھتی ہے جبکہ بلوچستان میں یہ پارٹی عوامی طاقت کے طور پر عوامی فلاح و بہبود، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور صوبے کی ترقی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور پارٹی کارکنوں پر جبر و دباؤ کے باوجود بی این پی کی مقبولیت میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔
مرکزی قائدین کا کہنا تھا کہ بی این پی ہر فورم پر بلوچستان کے وسائل پر آواز بلند کرتی رہے گی اور کارکنان و عہدیداران کی جدوجہد قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایک دن بلوچستان نیشنل پارٹی کی حکومت قائم ہوگی اور بلوچستان کے وسائل بلوچستان کے عوام پر خرچ کر کے ترقی و خوشحالی کے وژن کو عملی شکل دی جائے گی۔
آخر میں سردار اختر جان مینگل اور ان کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ ہمیشہ بلوچستان کے غریب عوام کی خدمت اور صوبے کے وسائل کے تحفظ کیلئے آواز بلند کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

