کوئٹہ(این این آئی)محکمہ اطلاعات بلوچستان کے زیر اہتمام ضلع کوئٹہ کے ہاکرز کی فلاح و بہبود کے سلسلے میں مالی معاونت کے چیکس تقسیم کرنے کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اس تقریب کا مقصد ہاکرز کی معاشی مشکلات میں کمی لانا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکریٹری اطلاعات بلوچستان عمران خان تھے۔تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان نور محمد کھیتران، ڈائریکٹر سعید احمد شاہوانی، ہاکر ایسوسی ایشن کے صدر، جنرل سیکریٹری میر احمد بلوچ اور دیگر عہدیداران کے علاوہ ڈی جی پی آر کے افسران اور عملے نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے کہا کہ حکومت بلوچستان معاشرے کے کم آمدنی والے طبقے، بالخصوص ہاکرز کی فلاح و بہبود کو اپنی ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکرز شہر کی معیشت کا ایک اہم حصہ ہیں اور روزمرہ ضروریات کی فراہمی میں ان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ حکومت ہاکرز کو درپیش مسائل، بشمول روزگار کے مواقع، معاشی استحکام اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ڈی جی پی آر نور محمد کھیتران نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ اطلاعات ہاکرز کے مسائل کے حل کے لیے ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور مستقبل میں بھی ایسے فلاحی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مالی معاونت سے ہاکرز کو نہ صرف فوری سہارا ملے گا بلکہ ان کے کاروبار میں بھی بہتری آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہاکرز انتہائی نامساعد حالات میں بھی محنت،ایمانداری اور نیک نیتی سے اپنا کام سرانجام دے رہے ہیں، جو معاشرے کے لیے ایک مثبت مثال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ مرحلے میں ہاکرز میں موٹر سائیکلوں کی تقسیم کا پروگرام بھی تجویز کیا گیا ہے تاکہ ان کی نقل و حمل اور روزگار کے مواقع میں مزید آسانی پیدا ہو۔ اس کے علاوہ ہاکرز کے سالانہ فنڈز میں اضافے کے لیے بھی اعلیٰ حکام کو باقاعدہ سفارشات ارسال کی جائیں گی۔اس موقع پر ہاکر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری میر احمد بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے حکومت بلوچستان، سیکریٹری اطلاعات اور ڈی جی پی آر کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس قسم کے اقدامات سے ہاکرز کا حکومت پر اعتماد مزید مضبوط ہوگا اور وہ پہلے سے زیادہ دلجمعی کے ساتھ اپنا کام انجام دے سکیں گے۔تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی سیکریٹری اطلاعات عمران خان اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز نور محمد کھیتران نے ضلع کوئٹہ کے ہاکرز میں مالی معاونت کے چیکس تقسیم کیے، جس پر شرکاء نے حکومت بلوچستان کے اس اقدام کو سراہا۔

