بارشوں کے دوران بجلی حادثات سے محفوظ رہنے کیلئے حفاظتی تدابیر اختیارکی جائیں،کیسکو

کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) نے اپنے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران بجلی کے حادثات سے بچاؤ کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کریں اوراس دوران بجلی حادثات سے محفوظ رہنے کیلئے بجلی کے کھمبوں اور برقی تنصیبات کو چھونے سے اجتناب کریں نیز تمام صارفین اپنے بچوں کو بھی حفاظتی اقدامات کی تاکید کریں تاکہ کوئی جان لیوا حادثہ رونما نہ ہوجائے کیونکہ بجلی کسی کالحاظ نہیں کرتی لہٰذا غیر ضروری خوداعتمادی سے پرہیز کریں۔ تمام صارفین بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور دیگر برقی تنصیبات کو چھونے سے اجتناب کیا جائے کیونکہ گیلے ہونے کی وجہ سے برقی آلات میں اکثراوقات برقی رو سرایت کرسکتی ہے اس لئے خود بھی اوراپنے بچوں کو بھی اس سے دور رکھیں۔اسی طرح تمام صارفین اپنے گھروں میں بھی بجلی کے تمام آلات کو باقاعدہ طورپرارتھ کریں نیز کپڑوں پراستری کرتے وقت پیروں تلے خشک قالین یا لکٹری کاکوئی ٹکڑا ضروررکھیں۔اسی طرح بجلی کی ناقص گھریلو وائرینگ کی طرف خصوصی توجہ دیں اورننگی تاروں کوجلد ازجلد تبدیل کرلیں یا ان کو مناسب اورمحفوظ طریقے سے ٹیپ کروائیں۔ اس کے علاوہ کیسکونے تمام صارفین پرزور دیتے ہوئے کہاہے کہ وہ گیلے ہاتھوں، گیلے کپڑوں یاجوتے گیلے ہونے کی صورت میں بجلی کے پنکھوں کے سوئچ تار اوردیگر برقی آلات کو ہر گزہاتھ مت لگائیں۔صارفین بجلی آلات بھی بچوں کی رسائی سے دوررکھیں اورعام طورپر مشاہدہ ہے کہ چھوٹے بچے ان برقی آلات کو پکڑنے اور چھونے کی کوشش کرتے ہیں جوکہ جان لیوا حادثے کا باعث بن جاتے ہیں۔بے جا خوداعتمادی اور لا پر واہی کی وجہ سے قیمتی جان ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ کچھ لوگ مستقل معذور بھی ہوجاتے ہیں جس کا عمربھر مداوانہیں ہوسکتا۔ لہٰذا کیسکو اپنے تمام صارفین سے اپیل کر تی ہے کہ وہ اپنے پیاروں کی قیمتی زندگی کو محفوظ بنانے کے لیئے ہمیشہ احتیاط کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں