کوئٹہ (این این آئی)چیف ایگزیکٹو آفیسر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)انجینئریوسف شاہ خان نے گزشتہ شب بروری سب ڈویژن کے لائن مین کی جان لیواحادثہ کے واقعہ کا سختی سے نوٹس لے لیاہے اورانہوں نے کیسکوکے جنرل منیجر (آپریشن) اورہیلتھ سیفٹی انوائرمنٹ (HSE) ڈائریکٹوریٹ کو فوری طورپرتحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کی وجوہات، سیفٹی ضوابط کی خلاف ورزی اور ذمہ دار وں کی نشاندہی کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندرتفصیلی رپورٹ پیش کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ ادارے کی اولین ترجیح ہے اور ادارے میں سیفٹی قوانین و کوڈ پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی سطح پر غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ لورلائی، مستونگ اور کوئٹہ میں Fatal Accident جان لیواحادثات رونما ہوئے جو کام کے دوران غفلت کی نشاندہی کرتا ہے۔ لہٰذا سیفٹی کوڈ کی خلاف ورزی کے مرتکب زمہ داروں کے خلاف تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے تمام آپریشن سرکلز، ڈویژنز اور فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ بجلی لائنوں پر تکنیکی خرابی دورکرنے اور بجلی بحالی کے کام کے دورانِ ہمیشہ اپنے حفاظتی اوزار، سیفٹی آلات کے استعمال اور مقررہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عمل کریں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔کیسکوچیف نے سیفٹی ہیلتھ اینڈانوائرمنٹ (HSE)ڈائریکٹوریٹ کے متعلقہ افسران کومحکمانہ سیفٹی کوڈپر عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی واضح ہدایات دیں اورانہوں نے کہاکہ اس سلسلے میں فیلڈآپریشن میں لائن اسٹاف کے مکمل حفاظتی اوزار اور دیگر حفاظتی آلات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اُن کی تمام ضرورتوں کو پوراکیاجائے۔

