دالبندین (این این آئی)دالبندین ایئرپورٹ میں فل اسکیل ایمرجنسی ایکسرسائز فائر اینڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے منعقد کی گئی۔ اس ایمرجنسی مشق کی سربراہی ایئرپورٹ منیجر ذیشان قریشی اور سینئر جوائنٹ ڈائریکٹر فائر اینڈ سیفٹی ممتاز علی سومرو نے کی۔ایمرجنسی ایکسرسائز میں ایئرپورٹ فائر سروسز، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) سمیت مختلف سرکاری و مقامی محکموں اور اداروں نے بھرپور شرکت کی، جن کا تعلق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے سے ہے۔ تمام اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ کیا گیا، جس کے باعث مشق کو کامیابی سے مکمل کیا گیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ فل اسکیل ایمرجنسی ایکسرسائز کا بنیادی مقصد ایئرپورٹ میں فائر اینڈ سیفٹی خدمات کی صلاحیت کو جانچنا، ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر ردِعمل کو یقینی بنانا اور متعلقہ محکموں و اداروں کو کسی بھی ممکنہ حادثے یا ایمرجنسی کی صورت میں مکمل طور پر تیار رکھنا ہے۔انتظامیہ کے مطابق ایسی مشقیں مستقبل میں بھی باقاعدگی سے منعقد کی جائیں گی تاکہ مسافروں اور ایئرپورٹ عملے کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔

