پنک بس سروس خواتین کو معاشی، تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کا موقع بھی فراہم کرے گی، روزی کاکڑ

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ نے کوئٹہ شہر میں خواتین کے لیے شروع کی گئی پنک بس سروس کو خوش آئند اور تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ خواتین کو محفوظ، باعزت اور بااختیار سفری سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔یہاں جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں، عوام بالخصوص خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ پنک بس سروس نہ صرف خواتین کو روزمرہ آمد و رفت میں سہولت دے گی بلکہ انہیں معاشی، تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کا موقع بھی فراہم کرے گی۔روزی خان کاکڑ نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ خواتین کے حقوق، تحفظ اور بااختیاری کی علمبردار رہی ہے اور پنک بس منصوبہ اسی وژن کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت، محکمہ ٹرانسپورٹ اور تمام متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں اس سروس کو بلوچستان کے دیگر علاقوں تک بھی توسیع دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جدید اور عوام دوست ٹرانسپورٹ نظام کا قیام وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں پیپلز پارٹی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جو صوبے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں