کوئٹہ (این این آئی)کوئٹہ میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس کے خلاف کارروائی کے دوران انسانی اسمگلر گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ نے کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں ایک کاروائی کے دوران انسانی اسمگلنگ میں ملوث بدنام زمانہ ملزم یوسف المعروف حمید اللہ کوگرفتار۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم انسانی اسمگلنگ میں ملوث منظم بین الاقوامی گروہ کا سرغنہ ہے ملزم کا نام سال 2024 کی مطلوب انسانی سمگلرز میں شامل تھاگرفتار ملزم معصوم شہریوں کو غیر قانونی پاکستان سے ایران بھجوانے میں ملوث ہے۔ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے 2 موبائل فون اور ڈیجیٹل شواہد برآمد کر لئے گئے گرفتار ملزم کے موبائل فون سے انسانی اسمگلرز سے روابط سے متعلق واٹس ایپ پیغامات بھی برآمد کیے گئے۔ترجمان کے مطابق ملزم پشاور، کراچی، جیوانی اور ایران میں سرگرم انسانی سمگلروں سے رابطے میں تھا۔ملزم سے تفتیش کا دائر وسیع کر کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار کاروائیاں جاری ہیں۔

