کوئٹہ(این این آئی)امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی موجودگی میں ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی زیرِ صدارت فشریز کالونی اور دیگر سرکاری اراضی پر قائم ناجائز تجاوزات کے خاتمے، قبضہ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی اور ماہی گیر برادری کو رہائشی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ظہور بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور، چیف انجینئر جی ڈی اے سید محمد بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ جی ڈی اے بابر بلوچ، ٹاؤن پلانر جی ڈی اے عبدالرزاق بلوچ، ڈائریکٹر فشریز احمد ندیم، میونسپل کمیٹی کے متعلقہ افسران، تحصیلداران اور ریونیو اسٹاف نے شرکت کی۔اجلاس میں فشریز کالونیوں کی اراضی سے متعلق موجودہ صورتحال، ناجائز قبضوں، قانونی تقاضوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ حکومتِ بلوچستان ماہی گیر برادری کی فلاح و بہبود اور انہیں باعزت رہائشی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جن کے تحت تحصیل گوادر سمیت ضلع کی مختلف تحصیلوں میں مستحق ماہی گیر خاندانوں کو رہائشی پلاٹس فراہم کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کی بیشتر تحصیلوں میں فشریز کالونیوں سے متعلق کوئی بڑا مسئلہ درپیش نہیں، تاہم تحصیل گوادر کے مونڈی کے علاقے میں بعض افراد نے سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے قائم کر رکھے ہیں، جنہیں قانون کے مطابق ضلعی انتظامیہ، گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے ذریعے واگزار کرایا جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مونڈی میں حکومتِ بلوچستان کی جانب سے ماہی گیروں کے لیے مختص 200 ایکڑ اراضی میں سے کچھ لوگوں نے غیر قانونی قبضے کر رکھے ہیں۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی کہ تمام قانونی تقاضے مکمل کرتے ہوئے سرکاری اراضی کو جلد از جلد واگزار کرایا جائے تاکہ اسے اس کے اصل مقصد، یعنی ماہی گیر برادری کی فلاح و بہبود اور رہائشی سہولتوں کی فراہمی، کے لیے استعمال میں لایا جا سکے۔رکنِ صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ ماہی گیروں کے حقوق اور ان کے لیے مختص سرکاری اراضی کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور کسی کو بھی اس اراضی پر ناجائز قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، جی ڈی اے، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور باہمی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی اور سرکاری اراضی کا تحفظ ریاستی اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ ضلع بھر کی تمام فشریز کالونیوں کی جدید جی پی ایس ٹیکنالوجی کے7 ذریعے حدبندی اور مارکنگ جلد مکمل کی جائے تاکہ سرکاری اراضی کا درست ریکارڈمحفوظ بنایا جا سکے،مستقبل میں ناجائز تجاوزات کی مؤثر روک تھام ممکن ہو اور ماہی گیر برادری کے حقوق کا ہر سطح پر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ماہی گیر برادری کو یقین دلایا کہ حکومتِ بلوچستان کی جانب سے انہیں جلد رہائشی پلاٹس فراہم کیے جائیں گے،جو ان کی فلاح و بہبود کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ماہی گیر ضلع گوادر کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے جائز حقوق کا تحفظ،باعزت رہائش کی فراہمی اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماہی گیروں کے لیے مختص سرکاری اراضی کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے گا تاکہ وہ اور ان کی آئندہ نسلیں محفوظ، باوقار اور بہتر رہائشی ماحول سے مستفید ہو سکیں

