اشیائے خوردونوش قیمتوں میں اضافہ غریب،متوسط طبقے کے لیے عذابِ جان بن چکا ہے،مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، حافظ شبیر احمد مدنی، سید عبدالواحد آغا، حافظ مسعود احمد، حاجی ولی محمد بڑیچ، صفی اللہ مینگل، شاہ زاہد مشوانی، مولوی علی جان، مولوی سعد اللہ آغا، مولوی نقیب اللہ ملا خیل اور دیگر نے کہا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ غریب اور متوسط طبقے کے لیے عذابِ جان بن چکا ہے۔ آئے روز مہنگائی کا نیا طوفان عوام کی کمر توڑ رہا ہے، جبکہ حکومتی بے حسی اور مجرمانہ خاموشی صورتحال کو مزید سنگین بنا رہی ہے۔ ناجائز منافع خوروں کی کھلی لوٹ مار اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں و حکومتی عناصر کے باہمی گٹھ جوڑ نے ظلم کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹا، چینی اور دیگر بنیادی ضروریاتِ زندگی کی اشیاء کی من مانی قیمتوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ بے روزگاری اور شدید غربت کے مارے لوگ پہلے ہی اذیت ناک حالات سے دوچار ہیں، ایسے میں مہنگائی کا یہ سیلاب عوام کو دیوار سے لگا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ حکومت غفلت کی چادر اوڑھے خوابِ خرگوش کے مزے لے رہی ہے اور عوام کی چیخ و پکار سننے کو تیار نہیں۔ حکومت اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ وہ فوری طور پر ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کریں اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں