چاغی کبوتروں کا نمائشی مقابلہ، پانچ سو سے زائد کبوتروں کی شرکت

دالبندین (این این آئی)چاغی میں کبوتروں کا ایک شاندار نمائشی مقابلہ منعقد کیا گیا، جس میں پانچ سو سے زائد کبوتروں نے حصہ لیا۔ مقابلے میں شریک کبوتر بازوں نے ضلع چاغی کے صدر مقام دالبندین سے تقریباً ایک سو دس کلو میٹر دور علاقے کوچکی سے کبوتروں کو روانہ کیا۔اس نمائشی مقابلے میں بیس کبوتر بازوں نے شرکت کی، جن میں ہر ایک نے بیس سے پچیس کبوتر چھوڑے۔ تمام کبوتروں کی شناخت کے لیے ان کے پاؤں میں مخصوص رنگ پہنائے گئے تھے، تاکہ ان کی آمد کا وقت باقاعدہ ریکارڈ کیا جا سکے۔کبوتروں نے کوچکی سے دالبندین تک ایک سو دس کلو میٹر کا فاصلہ تقریباً چالیس منٹ سے ایک گھنٹے کے اندر طے کرتے ہوئے اپنے اپنے گھونسلوں تک پہنچ کر اپنی تربیت اور صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ایک کبوتر مالک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ مقابلہ نمائشی نوعیت کا تھا، جبکہ ایک ہفتے بعد کبوتروں کا باقاعدہ مقابلہ منعقد کیا جائے گا، جس میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کبوتروں کو انعامات بھی دیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں