کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ کے علاقے میں غیر محفوظ طریقے سے پانی سپلائی کے لیے بنائی گئی ٹینکی پھٹنے سے ایک بچی جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہفتہ کی صبح پانچ بجے50 ٹینکروں کے برابر پانی سپلائی کے لیے قائم کیا گیا غیر محفوظ فائبر کا غبارہ اچانک پھٹ گیا۔ جس کے نتیجے میں پانی کا تیز بہاؤ قریبی ایک مکان کو بہا لے گیاجس سے گھر میں موجود ایک بچی جاں بحق جبکہ پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے۔زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ پولیس نے پانی کی سپلائی کے مالک کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

