پاکستان میں بھی کسی قسم کی غلامی برداشت نہیں کی جائیگی، مولانا عبدالرحمن رفیق

کوئٹہ(این این آئی) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق نے جامعہ اسلامیہ فیض العلوم کلی اسماعیل کوئٹہ کے سالانہ جلسہ دستار بندی عظیم الشان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انگریز استعمار سے برصغیر کی آزادی میں علماء کی ہتھکڑیوں کی جھنکار شامل ہے۔ پاکستان میں بھی کسی قسم کی غلامی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام اور امتِ مسلمہ کی تاریخ قربانیوں، صبر و استقامت اور حق گوئی سے عبارت ہے۔ دینِ اسلام کی سربلندی، آئین و قانون کی بالادستی اور مسلمانوں کی آزادی کے لیے علماء نے ہر دور میں قید و بند، جلاوطنی اور شہادتوں تک کی قربانیاں پیش کی ہیں۔ آزادی کی نعمت یونہی حاصل نہیں ہوتی بلکہ اس کے پیچھے بے شمار قربانیاں ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کی ذمہ داری ہے کہ ہم اسلاف کی جدوجہد کو یاد رکھتے ہوئے دینی اقدار، اسلامی تشخص اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے متحد ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارسِ دینیہ نہ صرف دینی تعلیم کا مرکز ہیں بلکہ یہ امن، رواداری اور اخوت کے پیامبر بھی ہیں، جن کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں علماء اور دینی طبقے کو دیوار سے لگانے کی کوششیں تشویشناک ہیں، تاہم حق کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ جمعیت علماء اسلام ہمیشہ مظلوموں کی آواز اور حق و انصاف کی جدوجہد میں صفِ اول کا کردار ادا کرتی رہے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں