خضدار(این این آئی) بلوچستان کی اہم شاہراہ این 25 کو جدید طرز پر دو رویہ کرنے کے منصوبہ پر کام تیزی سے جاری، خضدار–وڈھ سیکشن پر تعمیراتی کام باقاعدہ طور پر شروع کردیا گیا،تعمیراتی کام میں بھاری مشینری، انجینئرز اور سینکڑوں ورکرز مصروف عمل۔حکام کے مطابق این 25 ایکسپریس وے کی تکمیل سے سفر محفوظ اور کم وقت میں ممکن ہو سکے گا جبکہ روڈ حادثات میں نمایاں کمی آئے گی۔ اس منصوبے سے تجارت کو فروغ، سامان کی ترسیل میں تیزی، روزگار کے نئے مواقع اور صوبے میں سیاحت کے فروغ کی توقع ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ شاہراہ کو دو رویہ کرنے کی تعمیر وزیراعظم محمد شہباز شریف، آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کا عملی مظہر ہے۔ ان کے مطابق اس شاہراہ سے طلبہ، مریضوں اور مسافروں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔این 25 کودو رویہ کرنے کے منصوبے کی تکمیل سے کراچی سے چمن تک آمدورفت مزید محفوظ اور مؤثر ہو جائے گی۔ حکومت نے منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں اور توقع ہے کہ کام جلد مکمل کر کے عوام کو اس کے ثمرات فراہم کیے جائیں گے۔

