شہر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور مرکزی سڑکوں، بازاروں اور چوراہوں سے ناجائز تجاوزات کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے عوامی حلقے‎

سبی(رپورٹر)سبی شہر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک بے ضابطگیوں اور اہم شاہراہوں پر ناجائز تجاوزات کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ میونسپل کمیٹی اور پولیس سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور مرکزی سڑکوں، بازاروں اور چوراہوں سے ناجائز تجاوزات کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اوورلوڈنگ،ون وے کی خلاف ورزی، غیر قانونی پارکنگ اور تیز رفتاری کے باعث آئے روز ٹریفک جام اور حادثات معمول بنتے جا رہے ہیں، جس سے قیمتی جانوں کا ضیاع اور مالی نقصان ہو رہا ہے۔ خصوصاً اسکولوں، ہسپتالوں، بازاروں اور مصروف چوکوں کے اطراف ٹریفک کی صورتحال نہایت تشویشناک ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں کے کناروں پر قائم ریڑھیاں، دکانوں کا غیر قانونی پھیلاؤ، تجاوز شدہ فٹ پاتھ اور سڑکوں پر کھڑی گاڑیاں نہ صرف ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ ہیں بلکہ پیدل چلنے والوں کے لیے بھی خطرے کا باعث بن رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ فٹ پاتھوں پر تجاوزات کے باعث مجبوراً سڑک پر چلنا پڑتا ہے جس سے حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس کی نفری میں اضافہ کیا جائے، غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی ہو اور آگاہی مہم کے ذریعے شہریوں میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کا شعور اجاگر کیا جائے۔ اسی طرح تجاوزات کے خلاف مستقل بنیادوں پر آپریشن کیا جائے تاکہ عارضی کارروائیوں کے بجائے پائیدار حل ممکن ہو سکےعوامی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی اور ٹریفک پولیس باہمی اشتراک سے جامع حکمت عملی اختیار کریں گے تاکہ سبی شہر کو ٹریفک کے مسائل اور ناجائز تجاوزات سے پاک کیا جا سکے اور شہریوں کو محفوظ اور سہل آمد و رفت کی سہولت میسر آ سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں