کوئٹہ ( رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، ترجمان صدرِ مملکت آصف علی زرداری برائے بلوچستان، پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر اور صوبائی وزیرِ زراعت میر علی حسن زہری نے پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین، عظیم عوامی رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 98ویں یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔میر علی حسن زہری نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کی سیاسی تاریخ کا وہ درخشاں باب ہیں جن کی قیادت، بصیرت اور جرات مندانہ فیصلوں نے ملک کو مضبوط نظریاتی بنیاد فراہم کی۔ 1973ء کا متفقہ آئین، پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی بنیاد اور 1974ء کی تاریخی اسلامی سربراہی کانفرنس جیسے عظیم قومی کارنامے شہید بھٹو کے سنہری دورِ حکومت کی روشن مثالیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ 5 جنوری کا دن ہمیں صرف ایک عظیم رہنما کی سالگرہ ہی نہیں بلکہ عزم، حوصلے، عوامی خدمت اور نظریاتی جدوجہد کے اس عہد کی یاد بھی دلاتا ہے جس کی بنیاد قائدِ عوام نے رکھی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان، جیالوں اور عوام کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ شہید بھٹو کا فلسفہ، جدوجہد اور قربانیاں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو محض ایک شخصیت نہیں بلکہ ایک نظریہ، ایک تحریک اور عوامی حاکمیت کا استعارہ ہیں۔ ”روٹی، کپڑا اور مکان“ کا نعرہ دے کر انہوں نے عام آدمی کو یہ یقین دلایا کہ ریاست غریب اور محروم طبقات کی فلاح و بہبود کی ذمہ دار ہے۔ مزدور، کسان اور پسے ہوئے طبقات کو شناخت، حقوق اور وقار دینا شہید بھٹوکی سیاست کا بنیادی ستون تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریب عوام کی واحد حقیقی جمہوری جماعت ہے جو آج بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے افکار اور نظریات کے مطابق اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی مدبرانہ قیادت اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ولولہ انگیز، نوجوان قیادت میں پارٹی عوامی مسائل کے حل، جمہوریت کے استحکام اور سماجی انصاف کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔میر علی حسن زہری کا کہنا تھا کہ قائدِ عوام نے جمہوریت، خودداری اور عوامی حاکمیت کے لیے اپنی جان کا نذرانہ دیا مگر اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ان کی شہادت نے انہیں ایک فرد سے بڑھ کر ایک لازوال علامت بنا دیا۔ آج بھی شہید بھٹو کا فلسفہ مظلوم عوام کے دلوں میں زندہ ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی اسی مشن کو لے کر ملک بھر میں جدوجہد کر رہی ہے۔

