دالبندین(این این آئی)گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول، ظہور کالونی دالبندین میں نامعلوم افراد نے ایک بار پھر اسکول کے دروازے کا تالا توڑ کر کرسی اور چٹائی چوری کر لی۔اسکول میں مین گیٹ نہ ہونے کے باعث نشہ آور افراد رات کے وقت اسکول کے اندر رہائش اختیار کر لیتے ہیں، جس کی وجہ سے آئے روز چوری کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔واضح رہے کہ اسکول انتظامیہ نے اس مسئلے کی نشاندہی کئی بار متعلقہ انتظامیہ کو فون کے ذریعے کی، جبکہ چند دن قبل باقاعدہ تحریری درخواست بھی دی گئی، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ تاحال کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث چور بے خوف ہو کر دیدہ دلیری سے چوریاں کر رہے ہیں، جس سے تعلیمی ماحول شدید متاثر ہو رہا ہے۔سکول انتظامیہ نے اعلیٰ حکام سے پْرزور اپیل کی ہے کہ نشہ آور افراد اور چوروں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور اسکول کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

