اوتھل پولیس نے کراچی سے چوری شدہ گاڑی برآمد کرکے 2کار لفٹرز کو گرفتارکرلیا

اوتھل(این این آئی) کراچی کے تھانہ مبینہ ٹاؤن کے علاقے سے چوری شدہ ٹویوٹا کار بلوچستان کے علاقے میں اوتھل پولیس نے برآمد کرکے دو کار لفٹرز کو گرفتار کر لیا،لسبیلہ پولیس کے ترجمان کے مطابق ایس ایس پی لسبیلہ عاطف امیر کی جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی کی خصوصی ہدایت پر زیرنگرانی ڈی ایس پی اوتھل حاصل خان قمبرانی ایس ایچ او اوتھل یار محمد کمانڈو اور انچارج زیرو پوائنٹ چیک پوسٹ اوتھل نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مین آر سی ڈی روڈ زیرو پوائنٹ چیک پوسٹ کے مقام پر دوران سنیپ چیکنگ کراچی کی جانب سے کوئٹہ جانے والی ٹویوٹا کرولا کار رجسٹریشن نمبر AVA-810 کو مشکوک سمجھ کر روکا۔ معلوم کرنے پر کار ڈرائیور نے اپنا نام کلیم اللہ ولد امان اللہ سکنہ قلعہ عبداللہ جبکہ ساتھ بیٹھے ہوئے شخص نے اپنا نام بہاوالدین ولد شمس الحق سکنہ پشین بتایا۔ گاڑی کی معلومات کرنے پر پتہ چلا کہ کراچی کے تھانہ مبینہ ٹاؤن کے علاقے سے چوری ہوئی ہے اور گاڑی کو مزید چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ گاڑی کا انجن نمبر بھی تبدیل کیا گیا ہے۔ ملزمان نے چوری شدہ کار گاڑی قبضے میں رکھ کر گاڑی کا انجن نمبر تبدیل کرکے جرم زیر دفعہ 411-420-34 ت پ کا ارتکاب کیا۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 02/2026 درج کرکے اوتھل پولیس نے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں