اوتھل (این این آئی) لسبیلہ کے ضلعی ہیڈکوارٹر اوتھل میں واقع لنڈا پل 2022 کے تباہ کن سیلاب میں ٹوٹ گیا تھا، تاہم چار سال گزرنے کے باوجود نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کی مبینہ غفلت و لاپراہی کے باعث تاحال اس کی تعمیر کا آغاز نہ ہو سکا۔تفصیلات کے مطابق لنڈا پل کی عدم بحالی کے سبب ٹریفک کو متبادل راستے پر منتقل کیا گیا ہے، جہاں آئے روز حادثات معمول بن چکے ہیں۔ برسات کے موسم میں برساتی ریلوں کے باعث یہ متبادل راستہ اکثر منقطع ہو جاتا ہے، جس کے نتیجے میں سڑک مکمل طور پر بند ہو جاتی ہے۔ ایسی صورتحال میں مسافر، خصوصاً مریضوں، خواتین، بزرگ اور بچے کئی کئی گھنٹوں تک سڑک پر پھنسے رہتے ہیں اور شدید پریشانی و اذیت کا سامنا کرتے ہیں عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پل کی تاخیر سے تعمیر نے نہ صرف روزمرہ آمدورفت کو متاثر کیا ہے بلکہ ہنگامی حالات میں رسائی بھی ناممکن ہو جاتی ہے۔ شہریوں نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان عالیانی اور این ایچ اے کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ 2022 میں ٹوٹنے والے لنڈا پل کی تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کر کے مکمل کیا جائے، تاکہ آئندہ بارشوں کے موسم میں عوام اور مسافروں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔

