پسنی: صفائی مہم صرف سوشل میڈیا تک محدود، شہر کچرا کنڈی میں تبدیل

پسنی (رپورٹر) پسنی کے مختلف وارڈز میں صفائی کی ابتر صورتحال نے انتظامیہ کے دعوؤں کی قلعی کھول دی۔ چیف آفیسر پسنی عادل بشیر کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری ‘صفائی مہم’ کی تشہیر کے برعکس زمینی حقائق انتہائی سنگین صورتحال کی عکاسی کر رہے ہیں۔
اہل علاقہ کے مطابق وارڈ نمبر 2، 3، 4 اور 5 سمیت شہر کے بیشتر علاقے اس وقت گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ گلی محلوں اور بازاروں سمیت اہم شاہراہوں پر کچرے کے انبار لگے ہوئے ہیں، جس سے اٹھنے والی تعفن اور بدبو نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔
شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صفائی کی سرگرمیاں صرف فوٹو سیشن اور سوشل میڈیا پوسٹس تک محدود ہیں۔
کچرا اٹھانے کا مستقل اور مؤثر نظام کہیں نظر نہیں آتا۔
انتظامیہ صرف مخصوص مقامات پر دکھاوے کی کارروائی کر رہی ہے جبکہ رہائشی علاقے نظر انداز ہیں۔
گندگی اور کچرے کے باعث علاقے میں وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ محض تصویری تشہیر کے بجائے عملی اقدامات کیے جائیں، صفائی عملے کو متحرک کیا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر کچرا اٹھانے کا نظام وضع کیا جائے۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر صورتحال یہی رہی تو سوشل میڈیا پر کی جانے والی تعریفیں محض عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف تصور کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں