نواز شریف، فیلڈ مارشل کی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے،سید جہانگیرشاہ

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سیدجہانگیرشاہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمدنواز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیرکی قیادت میں ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے،جنگ میں بھارت کو عبرتناک شکست کے بعد پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر لگی ہوئی ہیں اور وہ پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدے کرناچاہتے ہیں،پاک فوج کے خلاف بات کرنے والے ملک اور صوبے کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے عوام ایسے عناصر کو مسترد کردیں۔یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔سید جہانگیرشاہ نے کہا کہ پاک فوج اوردیگر سیکورٹی ادارے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ملکرکام کررہے ہیں اور ملک سے دہشت گردوں کا جلد مکمل صفایاکردیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ بعض عناصر اپنے غیر ملکی آقاوں کی خوشنودی کیلئے پاک فوج کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہے ہیں جس میں انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا پوری پاکستانی قوم اور خاص کر بلوچستان کے عوام اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پرگامزن ہوچکا ہے اور غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے جس سے نوجوانوں کو روزگار میسر آئے گااور وہ ملک دشمن عناصر کے ہتھے چڑھنے سے بچ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)ہی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پرگامزن کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) نے اکثریت میں ہوتے ہوئے بھی پاکستان پیپلز پارٹی کو مخلوط حکومت دی انشاء اللہ آنے والے وقت میں مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں اس سے زیادہ تعداد میں نشستیں حاصل کرکے اپنی حکومت بنانے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گورنر بلوچستان و مسلم لیگ(ن) کے صدر شیخ جعفر خان مندوخیل کی قیادت میں پارٹی فعال اور منظم ہے اور صوبے میں کسی بلوچ یا سیٹلر کو مسلم لیگ(ن) کا جنرل سیکرٹری بنایا جائے تاکہ وہ صوبے بھر کے دورے کے پارٹی کو مزید فعال بنانے میں اپنا کرداراد اکرسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں