استامحمد(این این آئی)اوستہ محمدپولیس نے بلوچ ٹرمینل کے گودام میں چھاپہ مارکر اسمگل شدہ اور مضر صحت اشیاء برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی سرکل اْستہ محمد محمد داؤد کھوسہ کی نگرانی میں ایس ایچ او پولیس تھانہ سٹی اْستامحمد عبدالرؤف جمالی اور انچارج سی آئی اے اسٹاف اْستا محمد حضور بخش جمالی نے مخبرِ خاص کی اطلاع پر گودام واقع بلوچ ٹرمینل پر کارروائی کرتے ہوئے چھاپہ مارا، جہاں پر اسمگل شدہ سامان ذخیرہ کیا جا رہا تھا۔ دورانِ کارروائی بڑی مقدار میں غیر قانونی سگریٹ، مضر صحت گٹکا سپاری اور نسوار برآمد ہوئی۔کارروائی کے دوران ملزم وحید احمد ولد مرزا خان قوم ستکزئی ساکن سریاب مل کوئٹہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور مزید تفتیش بھی جاری ہے یہ کارروائی آئی جی پی بلوچستان، ڈی آئی جی نصیرآباد رینج اور ایس پی اْوستہ محمد کی جانب سے اسمگلنگ اور مضر صحت اشیاء کی روک تھام کے لیے جاری سخت ہدایات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔ڈسٹرکٹ پولیس اْستا محمد قانون کی بالادستی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی۔

