کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، جنرل سیکرٹری حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، مولانا محب اللہ، مولانا محمد ایوب، مولانا شیخ عبدالحد، مولانا سعید احمد، حافظ سراج الدین، مولانا محمد شعیب جدون، مولوی علی جان، مولانا سید سعد اللہ آغا، مولوی نقیب اللہ ملاخیل اور دیگر نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں منفی درجہ? حرارت کے باوجود شہر کے اکثر علاقوں میں گیس پریشر کی شدید کمی عوام کے لیے وبالِ جان بن چکی ہے۔ گیس انتظامیہ اس سنگین مسئلے کے مستقل حل میں دانستہ غفلت برت رہی ہے انہیں عوام کی اذیت اور مشکلات کا کوئی احساس نہیں شہری اس وقت انتہائی اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کو کوئٹہ کے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس، بجلی اور پانی کی سہولتیں ناپید ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں صفائی کا نظام نہایت ابتر اور شرمناک حد تک خراب ہو چکا ہے۔ صوبائی دارالحکومت ہونے کے باوجود کوئٹہ کی یہ زبوں حالی لمحہ فکریہ ہے اور حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

