اوتھل میں موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی سرچ لائٹس شہریوں کیلئے خطرہ بن گئیں

لسبیلہ(بیوروچیف حفیظ دانش) موٹر سائیکلوں اور رکشوں میں لگے سرچ لائٹس شہریوں کے لیے خطرہ بن گئے، عوامی حلقوں میں تشویش کی لہرتصیلات کے مطابق لسبیلہ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر اوتھل میں موٹر سائیکلوں اور رکشوں پر لگائی گئی تیز روشنی والی سرچ لائٹس شہریوں کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن گئی ہیں۔ رات کے وقت ان لائٹس کا سامنا کرنے والے افراد کے مطابق سامنے روشنی لگنے سے آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا جاتا ہے، اور کچھ لمحے کے لیے کچھ بھی دکھائی نہیں دیتا، جس سے خطرناک حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی پولیس قلات ریجن کی جانب سے اوتھل پولیس لائن میں منعقدہ کھلی کچہری میں ایک شہری نے اس مسئلے کی شکایت بھی کی تھی، مگر تاحال اس پر کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سرچ لائٹس کا استعمال نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ یہ انسانی جانوں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر تیز رفتاری کے دوران سامنے سے آنے والی چمکدار روشنی حادثات کا باعث بنتی ہے۔اوتھل کے عوامی و سماجی حلقوں نے ایس ایس پی لسبیلہ عاطف امیر اور ایس ایچ او اوتھل یار محمد کمانڈو سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر موٹر سائیکلوں اور رکشوں پر نصب ان خطرناک سرچ لائٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ شہریوں کی جان و مال کو تحفظ فراہم ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں