بلوستان گرینڈ الائنس کے رہنماؤں کی گرفتاریاں،گھروں پر چھاپے قابل مذمت ہیں، بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن

کوئٹہ(این این آئی) بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بلوچستان گرینڈ الائنس کے حوالے سے بلوچستان صوبائی حکومت کی حالیہ کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں بعض رہنماؤں کی گرفتاریوں، گھروں پر چھاپوں اور سرکاری ملازمین کو معطل کرنے جیسے اقدامات سے صوبے میں بے چینی میں اضافہ ہوا ہے، جو کسی بھی طور پر مسائل کے پائیدار حل کا ذریعہ نہیں بن سکتے۔ایسوسی ایشن کے بیان کے مطابق ڈی آر اے کے معاملے پر حکومت کی جانب سے خود تشکیل دی گئی کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد نہ ہونا نہایت افسوسناک ہے۔ یہ طرزِ عمل نہ صرف انتظامی وعدوں سے انحراف کے مترادف ہے بلکہ بلوچستان کی روایات، جمہوری اقدار اور باہمی مشاورت کے اصولوں کے بھی منافی ہے۔پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ موجودہ صورتحال میں صوبے کے سرکاری ملازمین شدید ذہنی دباؤ اور عدم تحفظ کا شکار ہیں، تاہم بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن صوبے بھر کے ملازمین کے آئینی و قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے پرامن، جمہوری اور قانونی جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن صوبائی حکومت اور بالخصوص حکمران جماعت سے پْرزور مطالبہ کرتی ہے کہ وہ طاقت اور دباؤ کے بجائے مذاکرات، افہام و تفہیم اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے معاملات حل کرے، کیونکہ موجودہ طرزِ عمل سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے اور صوبہ ایک نئے بحران کی طرف بڑھ سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں