سانحہ علمدار روڈ ملکی تاریخ کا فراموش باب،برسوں بیتنے کے باوجود شہداء کے لواحقین کے زخم تازہ ہیں،کاشف حیدری

کوئٹہ (این این آئی) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے 10 جنوری 2013 کو علمدار روڈ پر پیش آنے والے المناک واقعے کی برسی کے موقع پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ یہ سانحہ پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ اور ناقابلِ فراموش باب ہے، جس میں 100 سے زائد بے گناہ شہریوں اور صحافیوں نے جامِ شہادت نوش کیا اور درجنوں زخمی ہوئے۔ اس اندوہناک واقعے نے نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پورے شہر کو ہمیشہ کے لیے سوگوار کر دیا۔ کاشف حیدری نے کہا کہ سانحہ علمدار روڈ کو گزرے طویل عرصہ بیت چکا ہے مگر آج بھی شہداء کے لواحقین کا درد تازہ ہے اور ان کے زخم اب تک مندمل نہیں ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات یاد دلاتے ہیں کہ امن و امان کے قیام کے لیے محض دعوے کافی نہیں بلکہ سنجیدہ اور دیرپا اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ کاشف حیدری نے مطالبہ کیا کہ سانحہ علمدار روڈ سمیت دہشت گردی کے تمام واقعات میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے تحفظ کو اولین ذمہ داری سمجھتے ہوئے ٹھوس حکمت عملی اپنائیں تاکہ مستقبل میں ایسے سانحات کا اعادہ نہ ہو اور شہری خوف کے بغیر زندگی گزار سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں