عوام کی خدمت اولین فرض،بلوچستان کی ترقی و خوشحالی (ن) لیگ کا منشور ہے،وزیراعظم کے دورے کے مثبت اثرات مرتب ہونگے،سیدال خان ناصر

کوئٹہ(این این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت میرا ولین فریضہ ہے صوبے کی ترقی و خوشحالی مسلم لیگ(ن) کا منشور ہے بلوچستان کی ترقی کیلئے وفاقی حکومت نے صوبے کے حق سے بڑھ کر کردارادا کیا ہے وزیراعظم کے دورہ کے بلوچستان پر دور رس مثبت اثرات مرتب ہونگے۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو سرکی روڈ پر رحمت کالونی میں اپنے فنڈز سے تعمیرہونے والے روڈ اور جناح ٹاؤن میں سڑک اور سوریج کے منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرانجینئر عظیم انور نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان ناصر کو منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ سیدال خان ناصر نے کہا کہ بلوچستان دیگر صوبوں کی نسبت ترقی کی راہ میں پیچھے رہ گیاہے جسے مدنظر رکھتے ہوئے میاں محمد نواز شریف،وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) بلوچستان کو ترقی کی دوڑ میں دیگر صوبوں کے برابرلانے کیلئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ این 25شاہراہ کودو رویہ کرنا بلوچستان کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے مدبرانہ فیصلے کے تحت ہنگامی بنیادوں پر ممکن بنایا ہے دو سال بعدبلوچستان کے لوگ جب اس شاہراہ پرسفر کریں گے تو انہیں معلوم ہوگاکہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے یہ مطالبہ پورا کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اعلیٰ کے فروغ کیلئے مختلف اضلاع میں دانش سکول بنائے جارہے ہیں اب بلوچستان کے بچے کو عالمی معیارکے مطابق تعلیم میسر ہوگی۔ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ بلوچستان میں حالات خراب کرنے میں جو عناصر ملوث ہیں انہیں انکے عزائم میں کامیابی نہیں ہوگی چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سیدعاصم منیرکی قیادت میں سیکورٹی فورسز بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گی وہ دن دور نہیں جب بلوچستان میں امن کی شمع روشن ہوگی ترقی و خوشحالی کا دور دورہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں مخلوط حکومت عوام کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے جلد ہی عوام کو حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج نظرآئیں گے۔انہوں نے کہاکہ عوام کو پینے کے صاف پانی،سیوریج،روڈ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہاہے اور آج جن اسکیمات کا افتتاح کیا گیا ہے وہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں