کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان حکومت نے گیارویں این ایف سی ایوارڈ کیلئے تیاریاں تیز کردیں، بلوچستان کی جانب سے اٹھا ئے گئے دو ایشوز پر ورکنگ گروپس کے اجلاس جلد متوقع ہیں،ورکنگ گروپس کیمشاورتی اجلاس کے بعد این ایف سی کے باقاعدہ اجلاس منعقد ہوں گے۔ گیارویں این ایف سی ایوارڈ کیلئے بلوچستان سے پرائیوٹ ممبر محفوظ علی خان نے بتایا کہ نئے این ایف سی ایوارڈ کیلئے صوبوں کے ورکنگ گروپس کے اجلاس شروع ہوئے ہیں،بلوچستان کی جانب سے دو ایشوز اٹھائے گئے ہیں جن پر ورکنگ گروپس کے اجلاس جلد ہوں گے جس کے بعد این ایف سی کے ممبران کا باقاعدہ اجلاس رمضان المبارک سے پہلے یا اس کے بعد متوقع ہے۔ایک سوال کے جواب میں محفوظ علی خان نے بتایا کہ نئے این ایف سی ایوارڈمیں بلوچستان کا حصہ کتنا بڑھے گا،اس پر کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے معاملات طے ہونے میں پانچ سے چھ ماہ کا وقت لگ گیا تھا۔

