دالبندین (علی احمد کمال) نیشنل پارٹی کے مرکزی کونسلر و سیاسی رہنماء سنگت سعید بلوچ نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ گرینڈ الائنس کی قیادت میں صوبہ بھر کے سرکاری ملازمین 30 فیصد ڈی آر اے اور دیگر مطالبات کے حق میں عرصہ دراز سے سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں مگر صوبائی حکومت اور ارباب اختیار کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی۔
انہوں نے کہا کہ 30 فیصد ڈی آر اے بلوچستان کے ملازمین کا بھی حق بنتا ہے یہاں کے ملازمین کو اس حق سے محروم رکھنا سراسر ناانصافی ہے۔
ہم ملازمین کے ساتھ ہیں اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں صوبائی حکومت کو اپنی ملازم دشمن پالیسیوں کو فی الفور تبدیل کر دینی چاہیے اور ڈی آر اے سمیت دیگر تمام مطالبات تسلیم کرکے ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کا ازالہ کر دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گرینڈ الائنس کی قیادت کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی بھی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ایسے کاروائیوں سے ملازمین اور گرینڈ الائنس کی قیادت ہر گز مرعوب نہیں ہوں گی۔
سنگت سعید بلوچ نے کہا کہ گرینڈ الائنس کے احتجاجی تحریک میں شامل ہو کر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اور انھیں ہر گز تنہاء نہیں چھوڑیں گے اس لیے صوبائی حکومت فی الفور گرینڈ الائنس کے مطالبات تسلیم کرے اور گرینڈ الائنس کے قیادت اور دیگر ملازمین کے خلاف اندراج مقدمات کا خاتمہ کرکے ملازمین کے مسائل حل کرے۔

