کوئٹہ(این این آئی) سیاسی و سماجی رہنماعبداللہ خان نے کہا ہے کہ ڈی پی او اور ڈی ایس پی اوتھل کی کارکردگی قابل تعریف ہے انہوں نے جب سے اپنے عہدوں کا چارج سنبھالا ہے علاقے میں امن وا مان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف انکی کارروائیاں قابل تحسین ہیں بعض عناصر اپنے ذاتی مفادات کیلئے انکے خلاف منفی پروپیگنڈہ کررہے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں عبداللہ خان نے کہا کہ انکی درخواست پر اوتھل پولیس کے افسران اورعملے نے سرور جمعہ رونجھو کے خلا ف کارروائی کی جو عوام کو مختلف حیلے بہانوں سے تنگ اوران سے بھتہ وصول کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے سرور جمعہ رونجھو سے 2008ء میں اوتھل میں زمین خریدی لیکن یہ شخص مجھے مختلف حیلے بہانوں سے تنگ کر رہا ہے اوربھتے کا مطالبہ کر رہا ہے اور سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرکے شہریوں اورپولیس کوبلیک میل کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے مذکورہ شخص کے خلاف پولیس کو درخواست دی تو اس نے ڈی پی او اوتھل اور ڈی ایس پی اوتھل آصف خان کے خلاف بے بنیاد اورجھوٹا پروپیگنڈہ شروع کردیا جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرورجمعہ رونجھو کے خلاف اوتھل تھانے میں ایک درجن کے قریب ایف آئی آر درج تھے آئی جی پولیس اوردیگر حکام بالا ہمیں اورعلاقے کے عوام کو سرور جمعہ رونجھوکے مظالم سے نجات دلائیں اورانکے خلاف قانو ن کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی پی او اوتھل اورڈی ایس پی آصف خان ایمانداراورشریف النفس افسران ہیں جو عوام کی شکایات کے ازالے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں انکے خلاف منفی پروپیگنڈہ قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے آئی جی پولیس اور دیگرحکام بالا سے اپیل کی کہ وہ سرور جمعہ رونجھو کے مظالم سے عوام کو نجات دلائیں اورانکے خلاف عوام کو تنگ کرنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

