بلوچستان میں مسلم لیگ(ن)فعال اور منظم ہے،رہنما (ن)لیگ

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سید جہانگیرشاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مسلم لیگ(ن)فعال اور منظم ہے مخلوط صوبائی حکومت میں شامل صوبائی وزراء عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہیں صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کی ہے انکی کارکردگی سے مسلم لیگ(ن)کے کارکن خوش ہیں اور پارٹی کے سینئر رہنماوں نے آئندہ اڑھائی سال کیلئے بلوچستان کے وزیراعلیٰ کیلئے میرشعیب نوشیروانی کانام دیدیا ہے اورانشاء اللہ وہ بلوچستان کے اگلے وزیراعلیٰ ہونگے۔یہ بات انہوں نے اتوار کواپنی رہائش گاہ پر ملاقات کرنے والے مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں رفیق جتک، شاہجہان خان،احمد علی،نورخان اوردیگر سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔سید جہانگیرشاہ نے کہا کہ عام انتخابات میں مسلم لیگ(ن)نے صوبائی صدرو گورنر بلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل کی قیادت میں بھاری اکثریت سی کامیابی حاصل کی اور پارٹی کی مرکزی قیادت کے فیصلے کے مطابق اڑھائی سال کیلئے وزارت اعلیٰ کا عہدہ پاکستان پیپلز پارٹی کو دیا گیا اورآئندہ اڑھائی سال کیلئے بلوچستان کا وزیراعلیٰ مسلم لیگ(ن) کا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماوں نے پارٹی کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کرکے وزارت اعلیٰ کیلئے مسلم لیگ(ن) کے رہنما و صوبائی وزیر خزانہ میرشعیب نوشیروانی کا نام دیدیا ہے اورانہوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پارٹی کے کارکن جس کو نامزد کریں گے آئندہ اڑھائی سال کیلئے اسے ہی بلوچستان کا وزیراعلیٰ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماوں کا ایک وفد جلد ہی دوبارہ پارٹی قائد میاں محمدنواز شریف سے ملاقات کرکے بلوچستان کے وزیراعلیٰ کیلئے میر شعیب نوشیروانی نام دے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے کارکن میر شعیب نوشیروانی کو ہی وزیراعلیٰ بلوچستان دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت کر رہے ہیں اور کارکنوں کے مسائل کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارٹی کی مرکزی قیادت کارکنوں کی رائے کو اہمیت دے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں