اوتھل(این این آئی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کشمیر امور، گلگت بلتستان و سیفران کے چیئرمین سینیٹر اسد قاسم رونجھو سے اتوار کے روز ان کی رہائشگاہ وائیٹ ہاؤس بیلہ میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے وفود نے ملاقات کی جس میں علاقائی سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور لسبیلہ کی ترقی سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کرنے والوں میں سیاسی و سماجی رہنما، عمائدین علاقہ، نوجوان، کاروباری افراد اور سرکاری و نجی اداروں کے نمائندے شامل تھے جنہوں نے اپنے اپنے حلقوں اور شعبوں کے درپیش مسائل سے سینیٹر اسد قاسم رونجھو کو آگاہ کیا اور ان کی توجہ عوامی مسائل کے حل کی جانب دلائی، اس موقع پر سینیٹر اسد قاسم رونجھو نے وفود کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لسبیلہ اور بیلہ کی ترقی و خوشحالی ان کی اولین ترجیح ہے انہوں نے مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون اور مناسب اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی، علاؤہ ازیں سینیٹر اسد قاسم رونجھو نے بیلہ کے مختلف علاقوں اور مقامات کا دورہ کیا جہاں وہ متعدد غمزدہ خاندانوں کے ہاں گئے اور تعزیت کی انہوں نے مرحومین کے اہلِ خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ اس دوران ان کے ہمراہ بیرسٹر جہانزیب قاسم رونجھو، ڈائریکٹر جیڈا وقاص لاسی، سابق کونسلر محمد قاسم رونجھو، عبد الصمد رونجھو، عبد الرشید رونجھو اور دیگر موجود تھے۔

