کوئٹہ(این این آئی)محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام نوجوانوں میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ، کھیلوں کے کلچر کے احیاء اور مثبت سماجی رویّوں کے فروغ کے لیے کوئٹہ میراتھن ریس کا شاندار انعقاد کیا گیا جس کا باقاعدہ آغاز بائیکو پیٹرول پمپ، ایئرپورٹ روڈ کوئٹہ سے کیا گیا۔میراتھن ریس کا افتتاح مشیر کھیل و امورِ نوجوانان بلوچستان مینا مجید بلوچ نے کیا جبکہ اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس بلوچستان درا بلوچ نے بھی عملی طور پر میراتھن میں حصہ لے کر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔ ریس میں نوجوانوں، طلبہ، ایتھلیٹس، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مشیر کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو صحت مند، متحرک اور باصلاحیت بنانے کے لیے کھیلوں کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت بلکہ ذہنی نشوونما، نظم و ضبط اور مثبت سوچ کو فروغ دیتے ہیں، اور نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں مینا مجید بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور صوبائی حکومت کھیلوں کے میدان میں انہیں آگے لانے کے لیے انفراسٹرکچر کی بہتری، کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میراتھن جیسی سرگرمیاں نہ صرف نوجوانوں کے اعتماد میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ صوبے کا مثبت تشخص بھی اجاگر کرتی ہیں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں کھیلوں کے شعبے میں اصلاحات، نئے منصوبے اور نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں، تاکہ بلوچستان کا نوجوان قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکے سیکرٹری سپورٹس بلوچستان درا بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ کھیل صوبے بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کی تقریبات کا انعقاد تسلسل کے ساتھ کیا جائے گا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں مشیر کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے میراتھن میں شریک نوجوانوں کی کارکردگی کو سراہا اور اعلان کیا کہ صوبے میں کھیلوں کے مزید ایونٹس منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو صحت مند مقابلے اور مثبت سرگرمیوں کے مزید مواقع میسر آئیں۔

