کوئٹہ(این این آئی)ڈپٹی کمشنر خضدار عبدالرزاق ساسولی نے وہیر، درکھالہ اور وڈھ میں قائم صحت مراکز کا تفصیلی دورہ کیا اور عوام کو معیاری و بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ دورے کا مقصد ضلع میں صحت کے نظام کو مزید مؤثر بنانا اور دیہی علاقوں میں طبی سہولیات کی بہتری تھا۔انہوں نے بیسک ہیلتھ یونٹ وہیر میں طبی آلات، ادویات اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ایمرجنسی کیئر، ویکسینیشن، اینٹی نیٹل چیک اپ اور بنیادی تشخیص کی سہولیات ہر صورت دستیاب ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ دیہی علاقوں کے عوام کی صحت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ڈپٹی کمشنر خضدار نے مرکز 1122 ایم آر سی موبائل ریسکیو یونٹ درکھالہ کا بھی دورہ کیا، جہاں ایمبولینسز، ریسکیو آلات اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم کا معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دینے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پروگرام کے تحت صحت خدمات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ دیہی علاقوں کے لوگ شہری ہسپتالوں پر کم انحصار کریں۔ صحت کا شعبہ عوام کی زندگیوں سے براہ راست جڑا ہے اور ضلع خضدار کے تمام صحت مراکز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وڈھ اکبر علی مزارزئی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عابد حسین بلوچ، ایکسین سی اینڈ بلیو انجینئر سلیم رزاق عمرانی، ڈی ایس ایم پی پی ایچ آئی ڈاکٹر منیر احمد اور اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ منیجر ناصر احمد موسیانی بھی ہمراہ تھے۔

