نوکنڈی میں امن و امان بحال رکھنے کیلئے جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلاتفریق کارروائی یقینی بنائی جائے، ڈی ایس پی سردار محمد اکبر خان سنجرانی

نوکنڈی (این این آئی) ڈی ایس پی سردار محمد اکبر خان سنجرانی کی زیرِ صدارت نوکنڈی میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، منشیات کی روک تھام، ٹریفک مسائل اور اسٹریٹ جرائم کے قلع قمع کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پولیس افسران کے علاوہ قبائلی عمائدین، معززین علاقہ اور مختلف مکتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران علاقے میں مثالی امن و امان کی بحالی، منشیات کے خلاف مؤثر اقدامات، اسٹریٹ کرائم کے خاتمے و دیگر سماجی مسائل پر تفصیلی بحث کی گئی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی سردار محمد اکبر خان سنجرانی نے کہا کہ نوکنڈی کے عوام باشعور ہیں اور یہاں کے قبائل کی عزت و روایات پولیس کے لیے قابلِ احترام ہیں، تاہم امن و امان پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کرے گی، مگر عوامی تعاون کے بغیر پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی بھی جرائم پیشہ شخص کی سفارش ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، چاہے وہ کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو۔ پولیس روزانہ کی بنیاد پر اعلیٰ حکام کو رپورٹ پیش کرتی ہے اور ہر مجرم کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں شریک قبائلی عمائدین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور عوام کے درمیان تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے پولیس کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوکنڈی کو امن، بھائی چارے اور ترقی کا گہوارہ بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں