کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی کی زیرِ صدارت حکومت بلوچستان اور پاکستان ریلویز کے مابین ایک اہم مشترکہ اجلاس منگل کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں بلوچستان میں ریلوے کے نظام کی بحالی، پیپلز ٹرین سروس کے آغاز اور مختلف جوائنٹ وینچر منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا اجلاس کے دوران بلوچستان میں پیپلز ٹرین سروس سمیت مشترکہ ترقیاتی منصوبوں کے آغاز پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ریلویز کی 78 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی سطح پر ڈیولوشن کا تاریخی فیصلہ کیا گیا ہے جو وفاق اور صوبوں کے درمیان اعتماد اور اشتراکِ عمل کی مضبوط مثال ہے انہوں نے کہا کہ مقامی ریلوے سروسز کے منصوبوں میں تینوں صوبوں نے دلچسپی ظاہر کی تاہم عملی قیادت بلوچستان نے سنبھالی، جو وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مؤثر قیادت اور واضح وڑن کا ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں بلوچستان میں ریلویز جدید، مؤثر اور پائیدار حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے وفاقی وزیر ریلویز نے پیپلز ٹرین سروس کو پاکستان ریلویز اور حکومت بلوچستان کے باہمی اشتراک کا حسین امتزاج قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ عوام کو سستی، محفوظ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی میں سنگِ میل ثابت ہوگا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان پیپلز ٹرین سروس منصوبے پر تیز رفتار اور عملی پیش رفت کی خواہاں ہے انہوں نے واضح کیا کہ نئے ریلوے اسٹیشنز کی تعمیر اور موجودہ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے حکومت بلوچستان مطلوب وسائل فراہم کرے گی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیپلز ٹرین سروس منصوبے کے لیے ایک ارب چالیس کروڑ روپے رواں ہفتے جاری کر دیے جائیں گے تاکہ منصوبے پر بلا تاخیر عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے انہوں نے کہا کہ سریاب تا کچلاک پیپلز ٹرین سروس کی کامیابی کے بعد مستونگ سے پشین اور دیگر علاقوں تک اس سروس کا دائرہ وسیع کیا جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے ریلویز فٹ بال گراؤنڈ کا دورہ بھی کیا، جہاں کھیلوں کے فروغ اور پاکستان ریلویز کی اراضی پر مشترکہ ترقیاتی منصوبے شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریلوے سسٹم کی بحالی اور عوام کو سستی، محفوظ اور بااعتماد سفری سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں سرفہرست ہے، اور اس مقصد کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ قریبی اور مؤثر اشتراک جاری رکھا جائے گا۔

